ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بھٹکل مجلس اصلا ح وتنظیم اور بھٹکل خلیج کونسل کے ذمہ داران کی مشترکہ نشست : قوم کی ضروریات اور تقاضوں پر آپسی تبادلہ خیال

بھٹکل مجلس اصلا ح وتنظیم اور بھٹکل خلیج کونسل کے ذمہ داران کی مشترکہ نشست : قوم کی ضروریات اور تقاضوں پر آپسی تبادلہ خیال

Wed, 15 Dec 2021 19:04:34    S.O. News Service

بھٹکل :15؍ ڈسمبر(ایس اؤ نیوز) مجلس اصلاح وتنظیم اور بھٹکل مسلم خلیج کونسل کا 15دسمبر 2021بروز بدھ تنظیم ہال میں مشترکہ نشست کا انعقاد کرتےہوئے قوم کی ضروریات اور تقاضوں پر آپسی تبادلہ خیال کیا گیا اور اس کو ایک روڈ میاپ کی شکل دے کر میدان عمل میں اترنے کا عزم ظاہرکیا گیا۔

خلیج کونسل کے سابق سکریٹری جنرل قاضیا محمد  یونس نے اپنے تاثرات کااظہار کرتےہوئے کہاکہ کووڈ وباء کے دوران مجلس اصلاح وتنظیم نے جو خدمات انجام دی ہیں وہ مثالی ہیں انہوں نے کہا کہ اداروں کے درمیان جو آپسی اختلافات تھے ان سب کو بھول کر قوم نےمتحدہ خدمات انجام دی ہیں جس سے واقعی خوشی و مسرت محسوس ہوتی ہے۔ انہوں نے نئے سکریٹری جنرل عتیق الرحمن منیری کے تعلق سے بتایا کہ وہ تنظیم کے نائب صدر کی حیثیت سے کافی تجربہ رکھتے ہیں جس کو دیکھتے ہوئے امید کی جاسکتی ہے کہ اب وہ خلیج کونسل کو مضبوطی دیں گے اور استحکام بخشیں گے اور سبھی ادارو ں کو ساتھ لےکر بہتر کام انجام دیں گے۔

نومنتخب سکریٹری جنرل عتیق الرحمن منیری نےاپنے خیالات کا اظہار کرتےہوئے کہاکہ میں دبئی جماعت میں کبھی کسی عہدہ پر فائز نہیں ہوا۔ تنظیم میں نائب صدر کی حیثیت سے ایک بڑی ذمہ داری آن پڑی تو قوم کے اداروں اورعوام سے کافی تعاون ملا جس سے کچھ کام ہواہے۔ اب اس نئی ذمہ داری کو بھی اپنے اداروں اور قوم کے لوگوں کے ساتھ ہی ادا کرتےہوئے بہتر کام کرنےکی کوشش کرونگا۔ قوم کی ضروریات اور تقاضوں کوسامنے رکھتے ہوئے سبھی اداروں اور نوجوانوں کے ساتھ سرجوڑ کر بیٹھیں گے اور  ایک روڈ میاپ کی تشکیل دیں گے۔ قوم کے سبھی مسائل کو حل کیاجاسکتاہے اگر قوم متحد ہوکر کام کرے۔ گلف کے حالات پر بات کرتےہوئے انہوں نے ارادہ ظاہر کیا کہ جن کو روزگار کی ضرورت ہے انہیں روزگار کے مواقع عطاکرنے اور متوسط طبقے کے لئے بھی کام کرنےکی کوشش کی جائے گی۔

 مجلس اصلاح ونتظیم کے صدر ایس ایم سید احمد پرویز نے ملک کے موجودہ حالات اور کرناٹک کے حالات پر روشنی ڈالی اور بین الجماعتی کانفرنس کے انعقاد کا ارادہ ظاہرکیا۔ نشست میں عتیق الرحمن منیری اور قاضیا محمد یونس کی شال پوشی کرتےہوئے ان کی خدمات کا اعتراف کیاگیا۔

تنظیم کے جنرل سکریٹری ایم جے عبدالرقیب ندوی ، نائب صدر محتشم محمد جعفر، جماعت المسلمین کے صدر جناب جان عبدالرحمن محتشم سمیت دیگر ذمہ داران محمد صادق پلور، جامعہ اسلامیہ بھٹکل کے صدر مولانا عبدالعلیم قاسمی،عنایت اللہ شاہ بندری اور ڈاکٹر اسماعیل قاضیا وغیرہ موجود تھے۔


Share: